ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور رینج فوریسٹ آفیسر کے مکان اور دفتر پر اینٹی کرپشن بیورو کا چھاپہ؛ لاکھوں کی غیر محسوب دولت کا انکشاف

کنداپور رینج فوریسٹ آفیسر کے مکان اور دفتر پر اینٹی کرپشن بیورو کا چھاپہ؛ لاکھوں کی غیر محسوب دولت کا انکشاف

Thu, 09 Mar 2017 20:37:34    S.O. News Service

کنداپور9؍مارچ (ایس او نیوز) یہاں ایک رینج فوریسٹ آفیسر کے خلاف معلوم ذرائع سے زیادہ دولت اکٹھا کرنے کی شکایت موصول ہونے پر اینٹی کرپشن بیوریو (ACB)کے دستے نے مذکورہ افیسر کے مکانات اور دفتر پر بیک وقت چھاپہ مارا۔پتہ چلا ہے کہ تلاشی کے دوران لاکھوں روپے کی غیر محسوب دولت کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ ملی ہے کہ اے سی بی نے یہ چھاپے موکامبیکا سینکچوری کے رینج فوریسٹ آفیسرشیورام اچاریہ کے مختلف ٹھکانوں پر مارے۔اب تک ملی اطلاع کے مطابق تلاشی کے دوران چھاپہ مار دستے کے ہاتھ جو تفصیلات لگی ہیں، اس سے پتہ چلاہے کہ شیورام نے اپنے معلوم ذرائع سے بڑھ چڑھ کر دولت اکٹھا کررکھی ہے جس میں10.08لاکھ روپے مالیت کے زیورات،8.63لاکھ روپے نقد،ایک ماروتی سوفٹ کار، ایک ماروتی 800کار،کمباڈکونے نامی مقام پر ایک 70لاکھ روپے مالیت کا بنگلہ،ناگوری نامی مقام پر 10سینٹ زمین،اجیری نامی مقام پر 27سینٹ زمین اور دو کامپلیکس اور 10بینک اکاؤنٹس شامل ہیں۔ بینک میں جمع رقم کی تفصیلات ابھی ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ آر ایف اوشیورام اچاریہ کی بیوی ایک سرکاری اسکول ٹیچر ہے۔ اس کے علاوہ ان کی آمدنی کا کوئی اور ذریعہ نہیں ہے۔ 

اس چھاپے کے موقع پر ڈی وائی ایس پی ارون کمار کولّور،سدھیر ہیگڈے، انسپکٹر ستیش ایس،رنگاناتھ نیلمانور،دنکر شیٹی،یوگیش کمار، برجیش میاتھیو،کرشنا مورتی، رمیش اور راگھویندرا موجود تھے۔


Share: